نیویارک (جیوڈیسک) پاکستان نے اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر کمیشن آف انکوائری بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے نیویارک میں سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی غیر موجودگی کے باعث ان کی چیف آف اسٹاف ماریا لوئیسا سے ملاقات کی اور انہیں کشمیر میں بگڑتی صورتحال اور بھارتی فیصلے سے علاقائی امن کو لاحق سنگین خطرات سےآگاہ کیا۔
ملیحہ لودھی نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیرقانونی اقدام سے پیدا بحران میں اپنا کردار ادا کریں اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لینے کے لیے کمیشن آف انکوائری تشکیل دیں۔
ملاقات میں ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ سیکرٹری جنرل بھارت کی جانب سے سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعمل درآمد بھی یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ ملیحہ لودھی نے گزشتہ روز سلامتی کونسل کی صدر جوانا رونیکا سے ملاقات کی تھی جس میں بھارتی اقدامات اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ کشمیر پر بھارت کا قبضہ ختم کرانا سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے۔
خیال رہے کہ بھارت نے صدارتی حکم نامے کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 کو ختم کر دیا تھا جب کہ بھارتی لوک سبھا نے بھی آرٹیکل 370 ختم کرنے کی منظوری دیدی تھی۔
پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے واقعے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔