کشمیر پر پاکستانی موقف کی تباہی کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ مریم نواز

 Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نواز نے کہا کہ عمران خان حکومت چند دنوں کے ذلت کے اقتدار کی خاطر ملک کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

لاہور میں نیب کی طرف سے گرفتاری کے بعد مریم نواز نے کہا کہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی تباہی کے ذمہ دار خود عمران خان ہیں اور مسلم لیگ نواز انہیں اس معاملے پر کوئی ‘این آر او’ نہیں دے گی۔ مریم نواز کے بقول، “آپ ایک ایسے شخص کی بات کر رہے ہیں جو خود مجرم ہے۔ اس کو تو کٹہرے میں ہونا چاہیئے۔”

پاکستانی میڈیا میں مریم نواز کی ریلیوں اور ان کے انٹرویوز پر بظاہر غیراعلانیہ پابندی ہے۔ پچھلے ماہ کے دوران ان کے بڑے بڑے عوامی اجتماعات کو نیوز چینلوں نے دکھانے سے گریز کیا۔ ان کے پرائم ٹائم انٹرویوز بھی نشر کرنے سے روک دیے گئے۔

نیب نے بدھ کے روز مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کو چودہری شوگر ملز سے متعلق کیس میں گرفتار کیا۔

مریم نواز کے مطابق عمران خان حکومت انہیں ان کے دادا کے جائز کاروبار پر جھوٹے مقدمات بنا کر انتقامی کاروائی کا نشانہ بنا رہی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ اُن کی گرفتاری میں سامنے عمران خان ہیں جبکہ باقی لوگ اپنے ذاتی مفادات کی خاطر ان سے مل گئے ہیں۔

مریم نواز سے جب یہ پوچھا گیا کہ پاکستان میں ان کی ذات سے کسی کو کیا شکایت ہو سکتی ہے اور ان کی نظر میں انہیں کس بات کی سزا مل رہی ہے تو انہوں نے کہا، “کیونکہ میں جوتے پالش نہیں کرتی اور میں اسے بُرا سمجھتی ہوں۔” سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی نے مزید کہا کہ عوام کے نمائندوں کی عزت ہونی چاہیے اور حکومت چلانا بھی ان کا کام ہے۔ انہوں نے کہا، “آئینی اور قانونی دائرے سے جو بھی باہر جائے گا، میں اس کے خلاف آواز اٹھاؤں گی۔”

مریم نواز نے ڈی ڈبلیو اردو سے بات چیت میں بتایا کہ وہ عوام کے سامنے میاں نواز شریف کی بے گناہی کے ثبوت لا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس انتقامی کاروائی کے مرتکب حاضر سروس ججوں اور دیگر اداروں کے افراد کے خلاف مذید ثبوت موجود ہیں جنہیں وقت آنے پر جاری کیا جا سکتا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ “میری دعا ہے کہ اُن ریکارڈنگز کو پبلک کرنے کی نوبت نہ آئے۔”

گزشتہ ماہ مریم نواز نے پریس کانفرنس میں ویڈیو جاری کی تھی۔ اس مبینہ ویڈیو میں جج ارشد ملک، مسلم لیگ نون کے ایک کارکن ناصر بٹ سے گفتگو کرتے نظر آ رہے تھے جنہیں جج صاحب بتا رہے ہیں کہ نواز شریف کے خلاف ثبوت نہیں اور انہیں سزا دباؤ کے باعث سنائی گئی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نون کی مرکزی رہنما مریم نواز نے اس تاثر کو رد کیا کہ ان کی گرفتاری پر ان کے چچا اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سخت ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔ انہوں نے کہا ، “جتنا افسوس میاں نواز شریف کو میری گرفتاری پر ہوا اتنا ہی شہباز شریف صاحب کو، کیونکہ وہ میرے والد کی جگہ ہیں۔” واضح رہے قومی اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز کی گرفتاری کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔