اسلام آباد (جیوڈیسک) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کے کیس میں حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 11 روز کی توسیع کر دی۔
پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر اور لیگی رہنما حمزہ شہباز کو نیب حکام نے احتساب عدالت لاہور میں پیش کیا تو جج نے ملزم کی تاخیر سے پیشی پر نیب پر برہمی کا اظہار کیا۔
دورانِ سماعت حمزہ شہباز نے عدالت میں بیان دیا کہ کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں، اگر کرپشن کی ہے تو نیب عدالت کو ثبوت پیش کرے، نیب عدالت کے ساتھ قوم کے سامنے بھی کرپشن ثابت کرے۔
نیب حکام نے حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم کے ریمانڈ میں مزید 11 روز کی توسیع کردی جب کہ ملزم کو 21 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔