کراچی (جیوڈیسک) لانڈھی میں کمرے میں جنریٹر کا دھواں بھرنے سے 4 بھائی جاں بحق ہو گئے۔ کراچی کے علاقے لانڈھی میں بابر کانٹا کے قریب کمرے میں جنریٹر کا دھواں بھرنے سے 4 سگے بھائی جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت انور، عثمان، عمر اور حمزہ کے ناموں سے ہوئی۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق بجلی کی طویل بندش کی وجہ سے گھر والے جنریٹر چلا کر سوئے تھے، اموات جنریٹر کے دھویں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئیں۔
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ اہل محلہ نے دروازہ کھولا تو کمرے میں دھواں بھرا ہوا تھا اور چاروں کے منہ سے جھاگ نکل رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ کمرے سے ملنے والا کھانا فارنزک ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیا گیا ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے چاروں بھائی بلوچستان کے ضلع پشین کے رہائشی تھے جوکہ محنت مزدوری کیلئے کراچی آئے تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی میں ہونے والی مون سون بارشوں میں کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں 12 افراد جاں بحق ہوئے۔
خیال رہے کہ 31 جولائی کو بھی شہر میں مون سون بارش کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات میں 5 بچوں سمیت 20 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔