لاہور (جیوڈیسک) ملک میں ای کامرس کی سیلز 2020ء تک ایک ارب ڈالر سے بڑھنے کی توقع ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 31 مارچ 2019ء تک ملک میں پے منٹ کارڈز کی مجموعی تعداد 42.2 ملین تک پہنچ گئی ہے، جس میں ڈیبیٹ کارڈز کی تعداد 23.9 ملین، 8.6 ملین اے ٹی ایم کارڈ، 1.6 ملین کریڈیٹ کارڈ، 0.2 ملین پری پیڈ کارڈ اور 7.7 ملین سوشل ویلیفیئر کارڈز شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جنوری تا مارچ 2019ء کے دوران پلاسٹک کارڈز کے ذریعے 148.9 ملین ٹرانزیکشنز کی گئی ہیں جنکی مدد سے 1.68 کھرب روپے کا لین دین کیا گیا ہے۔
ایس بی پی کے مطابق سال 2019ء کے ابتدائی 3 ماہ کے دوران پلاسٹک کارڈز کے ذریعے کی گئی مجموعی ٹرانزیکشنز میں ڈیبیٹ کارڈز سے کی گئی ٹرانزیکشنز کا حصہ 82.1فیصد رہا ہے اور بلحاظ مالیت ڈیبیٹ سے کی جانے والی ٹرانزیکشنز کا شیئر 86.2فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔