پورٹ آف اسپین (جیوڈیسک) کرس گیل کا ون ڈے میں کھیل اختتام کو پہنچ گیا، انہوں نے بھارت سے تیسرے میچ میں 301 نمبر کی خصوصی جرسی زیب تن کی۔
ویسٹ انڈیز کے اسٹار کرکٹر کرس گیل نے پہلے ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا تھا تاہم میگا ایونٹ کے دوران ہی انھوں نے واضح کیا تھا کہ وہ بھارت کے خلاف اپنے ملک میں آخری ون ڈے سیریز کھیلنا چاہتے ہیں۔
بدھ کے روز انھوں نے بھارت سے تیسرے میچ میں برق رفتار 72 رنزبنائے، اگرچہ آخری اطلاعات تک خود ان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی تصدیق سامنے نہیں آئی تھی تاہم اس مقابلے میں کچھ واضح اشارے موجود تھے۔
انھوں نے 301 نمبر کی شرٹ پہن رکھی تھی جوکہ ان کے ایک روزہ میچز کی تعداد ہے، عام طور پر وہ 45 نمبر کی جرسی پہنتے ہیں، اسی سیریز میں انھوں نے برائن لارا کا ایک روزہ کرکٹ میں مجموعی اسکور 10405 پیچھے چھوڑا۔ میدان سے باہر جاتے ہوئے ان کا ہیلمٹ بیٹ کے ہینڈل پر تھا، تمام بھارتی کھلاڑیوں نے ان سے مصافحہ بھی کیا۔ گیل اس سے قبل بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے واپس لے چکے اسی لیے ان کی تصدیق کا انتظار کیا جارہا تھا۔
واضح رہے کہ آخری اطلاعات تک تیسرے ون ڈے میں بارش کے باعث کھیل رکھنے سے قبل تک ویسٹ انڈیز نے 2 وکٹ پر 158 رنز بنائے تھے، گیل نے 41 بالز پر 72 رنز اسکور کیے۔