راولپنڈی (جیوڈیسک) بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر تتہ پانی سیکٹر میں شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 برزگ شہری شہید ہو گئے۔
بھارتی فوج نے مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل او سی پر تتہ پانی سیکٹر میں شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے گاؤں نگرائی کے رہائشی 2 بزرگ شہری شہید ہوئے جن میں 75 سالہ لال محمد اور 61 سالہ حسن دین شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے شہری آبادی پر مارٹر اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل فائر کیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارت جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جس کے نتیجے میں 2 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے، بھارت فوج کی فائرنگ و گولہ باری میں اب تک کئی شہری اور فوجی جوان شہید ہوچکے ہیں۔
گزشتہ دنوں بھی بھارت فوج کی ایل او سی پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 جوان شہید ہوئے جن میں نائک تنویر، لانس نائک تیمور اور سپاہی رمضان شامل تھے۔