عدن (جیوڈیسک) یمن کے صدر ربہ منصور ھادی نے خطے میں ایرانی رسوخ اور یمن میں حوثی ملیشیا کی مدد کی شکل میں ایرانی مداخلت کے خلاف جاری مہم سےتوجہ ہٹانے کی ہرکوشش ناکام بنانے پرزور دیا ہے۔
ان کا کہناہے کہ یمنی قوم میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں سے چھٹکارا حاصل کرنے اور ملک متحد رکھنے کے ساتھ آگے لے جانے کی پوری صلاحیت موجود ہے۔
یمن کی اعلیٰ سطحی قیادت کے اجلاس سے خطاب میں صدر ھادی اور دیگر رہ نمائوں نے عبوری دارالحکومت عدن میں حالیہ ایام میں عبوری کونسل کے زیراتنظام عسکری گروپوں کی جانب سے سرکاری تنصیبات پرقبضے اور مسلح بغاوت کے اقدام کےمضمرات پرغورکیا گیا۔
اس موقع پر یمنی صدر نے ملک میں امن وامان کی بحالی، ایرانی مداخلت روکنے اور حوثی ملیشیا سمیت دیگر دہشت گرد گروپوں کے خلاف موثر جنگ پر سعودی عرب کے کردار کو سراہا۔انہوں نے عرب اتحادی فوج کی طرف سے جاری اس بیان کا بھی بھرپور خیرمقدم کیا جس میں عدن میں عبوری کونسل کی طرف سے کیے گئے باغیانہ اقدام کی مذمت کے ساتھ علاحدگی پسندوں کو تمام سرکاری تنصیبات آئینی حکومت کے حوالے کرنے پرزور دیا گیا تھا۔
اجلاس میں سعودی عرب کی مساعی سے عدن میں علاحدگی پسند کونسل کی بغاوت ختم کرنے کے حوالے سے طے پائے معاہدے پرعمل درآمد بھی غورکیا گیا۔
صدر عبد ربہ منصور ھادی کا کہنا تھا کہ یمن کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ہماری قوم نے ہمیشہ ہراندرونی اور بیرونی سازشوں کو ناکام بنانے میں کامیابی حاصل کی۔ یمن کی تہذیب کا اصل تشخص عرب ہے اور قوم اسے ایران کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دے گی۔
درایں اثناء یمنی وزیر اطلاعات معمرالاریانی نے عدن میں بعض سرکاری عمارتوں پرقبضہ کرنے والی عبوری کونسل کی طرف سے تنصیبات حکومت کے حوالے کرنے کے اقدام کو سراہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یمن کی علاحدگی پسند عبوری کونسل کا عرب اتحادی فوج کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے سرکاری تنصیبات سے انخلاء اور اس حوالے سے سعودی عرب اور دوسرے ممالک کی مساعی قابل تحسین ہیں۔