مصطفیٰ کمال نے کراچی کی صفائی کیلئے منصوبہ پیش کر دیا

Mustafa Kamal

Mustafa Kamal

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سابق سٹی ناظم اور پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے میئر کراچی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہر قائد کی صفائی کا تین مرحلوں پر مشتمل منصوبہ پیش کر دیا۔

کراچی میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی کے لیے 5 گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن فوری بنائے جائیں، گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن کے لیے وفاقی حکومت رقم فراہم کرے، حکومت سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ ختم کرے اور سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے اختیارات یو سی چیئرمین کو دیئے جائیں۔

مصطفیٰ کمال نے میئر کراچی وسیم اختر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہر کو صاف کرنے کی پیشکش بھی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں لاجسٹکس مجھے دے دیں، انہی وسائل کے ساتھ 3 ماہ میں شہر کی صفائی کر دیں گے۔

وسیم اختر کا نام ایک بار پھر ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی کے لیے انہیں 69 ارب روپے ملے وہ کہاں گئے؟

سابق سٹی ناظم نے کہا کہ کراچی میں صفائی کے معاملے پر یو این کو بلانا پڑے گا، اربوں روپےکچرا اٹھانے، تنخواہوں اور ایندھن کی مد میں خرچ ہو رہے ہیں لیکن اس کے باوجود کراچی میں صفائی نہیں ہو رہی، یہ کراچی اور اس کے شہریوں سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔

کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاک سر زمین پارٹی ہر قدم پر کشمیریوں کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی مظلوم کی مدد نہیں کرتا سب اپنے مفادات دیکھتے ہیں، برادر ملکوں سے متعلق پاکستانیوں کی خوش فہمیاں دور ہو گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کل سے کشمیر کا تین روزہ دورہ کر رہے ہیں، ہم کشمیر جا کر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کریں گے، ہم نےکشمیر کے معاملے پر عمران خان کی حکومت کی غیر مشروط حمایت کی ہے۔