لبنان پر اسرائیل کے ڈرون حملے ‘اعلان جنگ’ ہے: میشل عون

Michel Aoun

Michel Aoun

لبنان (اصل میڈیا ڈیسک) لبنان کے صدر میشل عون نے اسرائیل کی طرف سے کیے گئے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے صہیونی ریاست کی طرف سے ‘اعلان جنگ’ قرار دیا ہے۔

صدر میشل عون نے لبنان کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی رابطہ کار یان کوبیچ سے ملاقات کے دوران اسرائیلی حملوں اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پربات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ لبنان میں الضاحیہ اور ‘قوسیا’ کے مقامات پر اسرائیلی فوج کے ڈرون حملے اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لبنان میں ڈرون حملوں کو اسرائیل کا اعلان جنگ تصور کیا جائے گا۔ لبنانی صدر نے واضح کیا کہ اسرائیلی ریاست کی طرف سے جارحیت کے خلاف لبنان کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ لبنان اپنی سلامتی اور خود مختاری کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

ادھر وزیراعظم سعد حریری نے بیروت میں سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان کے سفیروں سے ملاقات کی۔ حریری نے بھی اسرائیل کی طرف سے وادی بقاع اور دیگر مقامات پر اسرائیل کے فضائی حملوں کے معاملے پر بات چیت کی۔

وزیراعظم سعد الحریری نے سلامتی کونسل کے مستقل ارکان پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو عالمی ادارے کی قرارداد 1701 پرعمل درآمد کا پابند بنانے کے لیے تل ابیب پر دبائو ڈالیں۔ سعد حریری کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو معصوم لبنانی عوام کا خون بہانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے اتوار کے روزلبنان کی وادی البقاع اور دیگر مقامات پر بمباری کی تھی۔ اسرائیل نے اس بمباری اور ڈرون حملوں میں ایران اور حزب اللہ کے اسلحہ مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایران نے اسرائیلی دعوے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی ریاست میں ایرانی مفادات پر حملوں کی جرات نہیں۔ اسرائیلی فوج نے وادی البقاع میں فلسطینی پاپو لرفرنٹ کے مراکز پر بمباری کی جس کے نتیجے میں تنظیم کے عسکری کیمپوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ملی ہیں۔