رحیم یار خان: اے ٹی ایم سے کارڈ چرانے والا ملزم حوالات میں دم توڑ گیا

Salahuddin

Salahuddin

رحیم یار خان (اصل میڈیا ڈیسک) رحیم یار خان میں اے ٹی ایم سے کارڈ چرانے والا ملزم حوالات میں اچانک طبیعت خراب ہونے کے باعث دم توڑ گیا۔ ملزم صلاح الدین کئی شہروں میں وارداتوں ملوث رہا، پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی ملزم کے مرنے کی وجوہات کا پتہ چلے گا۔

اے ٹی ایم اکھاڑ کر کارڈ نکالنے والے چور کا ڈرامہ اس کی موت کے ساتھ تمام ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم صلاح الدین کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا، وہ حوالات میں عجیب وغریب حرکتیں کرتا رہا، اچانک طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔

پولیس کا کہنا ہے ملزم کے مرنے کی وجوہات کا علم پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی ہو گا۔ پولیس نے اے ٹی ایم اکھاڑ کر کارڈ نکالنے والے ملزم صلاح کو گذشتہ روز رحیم یار خان سے گرفتار کیا تھا، پہلے اس نے اپنے آپ کو گونگا ظاہر کیا لیکن تفتیش کے دوران زبان کھول دی اور فرفر بولنے لگا اور کئی وارداتوں کا اعتراف بھی کیا۔

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف پہلے بھی کئی مقدمات درج ہیں اس کے باقی ساتھیوں کو بھی جلد گرفتار کیا جائے گا۔