اسرائیل سے تعلقات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: فواد چوہدری

Fawad Chaudhry

Fawad Chaudhry

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پاکستان کے اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کی خبروں کی سختی سے تردید کر دی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مودی سرکار نے پورے کشمیر کو جیل بنا کر رکھ دیا ہے، نریندر مودی اپنے اقدمات واپس نہیں کرے گا، اگر واپس کیے تو اس کی سیاست ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جنگ میں مختلف مرحلے ہوتے ہیں، جن میں مختلف کام کرنے ہونے ہوتے ہیں، پاکستان میں لوگ بھارتی اقدامات کے خلاف باہر نکل رہے ہیں اور پورا پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارتی پنجاب میں سکھ بھی بھارت کے ساتھ رہنے کو تیار نہیں ہیں، من موہن سنگھ دنیا کے ماہر معیشت میں سے ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت کی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے، بھارت کی معیشت اس وقت تباہ حالی کا شکار ہے، نریندر مودی اقلیتوں پر ظلم کرکے اصل مسائل سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ نریندر مودی بھارت میں بھی اکیلا ہوچکاہے، مودی تو اپنے ملک کے لوگوں کو مقبوضہ کشمیر جانے سے روک رہے ہیں، بھارت کو کسی قسم کا ریلیف نہیں دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے تعلقات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، مودی اور نیتن یاہو ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔