اسپین میں معروف گلوکارہ اسٹیج پر آتش بازی سے جھلس کر ہلاک

Spanish Singer

Spanish Singer

میڈرڈ (اصل میڈیا ڈیسک) اسپین میں موسیقی کے ایک شو میں مقبول پاپ گلوکارہ اور رقاصہ جوانا سائنز پرفارمنس کے دوران اسٹیج پر ہونے والی آتش بازی سے جھلس کر ہلاک ہو گئی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے شمال مغرب میں واقع ٹاؤن لاس برلاناس میں میوزیکل بینڈ سپر ہالی وڈ آرکسٹرا کی گلوکارہ جوانا سائنز مداحوں کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کررہی تھیں اور اس دوران اسٹیج کے عقب سے آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جا رہا تھا کہ اچانک اسٹیج پر رکھا آتش بازی کا مواد پھٹ گیا۔

میوزیکل کنسرٹ کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اسٹیج پر رنگا رنگ مظاہرے کے لیے آتش بازی کا انتظام کیا گیا تھا، شائقین بھی گلوکارہ کے جھلسنے کو اسٹنٹ (اداکاری) سمجھتے ہوئے اطمینان سے ویڈیوز بناتے رہے اور کئی لوگوں نے اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ بھی کر دیا جسے ہزار سے زائد لوگوں نے براہ راست فیس بک پر بھی دیکھا۔

مداحوں کو حقیقت کا ادراک اس وقت ہوا جب پروگرام آرگنائزر نے گلوگارہ کے جھلسنے کے بعد اسٹیج پر پردے گرا دیئے۔ گلوکارہ کو اسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج گلوکارہ نے دم توڑ دیا۔ ’سپر ہالی وڈ آرکسٹرا گروپ‘ کے اسیدرو لوپیز نے اپنے فیس بک پیج پر گلوکارہ کے خاندان اور مداحوں سے ان کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔