اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) بھارت اور افغانستان کیلئے جاسوسی کرنے والے ایجنٹ عمر داؤد کا کیس محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے سپرد کردیا گیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) نے 22 اگست کو طورخم سے ضلع کرک کے رہائشی عمر داؤد نامی افغان ایجنٹ کو گرفتار کیا تھا جس نے غیر قانونی طریقے سے افغانی شہریت لے رکھی ہے اور افغان پاسپورٹ پر وہ 5 بار بھارت جا چکا ہے۔
افغان اور بھارتی ایجنسیز کے ایجنٹ عمر داؤد کا کیس محکمہ انسداد دہشت گردی کو کو سپرد کردیا گیا ہے جس سے تحقیقات میں پتا چلایا جائے گا کہ عمر داؤد 5 بار بھارت کیوں گیا؟ اس کے کتنے اثاثے ہیں؟ ملک بھر میں کتنے بینک اکاؤنٹس ہیں؟؟
اس حوالے سے سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمرداؤد کی فیملی ٹری کی معلومات بھی لی جائیں گی۔
یاد رہے کہ عمر داؤد افغانستان اور بھارت کی ایجنسیز کیلئے کام جبکہ پاکستانی سیکیورٹی ایجنسیوں کے خلاف زہر اگلتا رہا ہے جبکہ گرفتار ایجنٹ کو افغان حکومت نے سرکاری نوکری بھی دے رکھی تھی۔