اداکار عابد علی انتقال کر گئے

Abid Ali

Abid Ali

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کے نامور ٹی وی اداکار عابد علی شدید علالت کے بعد 67 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

عابد علی گزشتہ دو ماہ سے اسپتال میں جگر کے عارضے کے باعث زیر علاج تھے۔ چند روز قبل ان کی صاحبزادی نے یہ انکشاف کیا تھا کہ ڈاکٹرز نے عابد علی کی صحت یابی کو تقریباً ناممکن قرار دے دیا ہے۔

گزشتہ روز بھی عابد علی کے انتقال کی افواہیں سامنے آئی تھیں لیکن اب ان کی اہلیہ اداکارہ رابعہ عابد نے تصدیق کی ہے کہ عابد علی اب اس دنیا میں نہیں رہے ہیں۔

عابد علی کے فنی کیرئیر پر ایک نظر
29 مارچ 1952ء کو کوئٹہ میں پیدا ہونے والے عابد علی نے ریڈیو پاکستان سے فنی کیریئر کا آغاز کیا لیکن پاکستان ٹیلی وژن کے 1979 میں نشر ہونے والے معروف ڈرامہ ‘وارث’ میں ‘دلاور’ کے کردار نے انہیں پہچان دی۔

عابد علی 80 اور 90 کی دہائی سے کئی مقبول ڈراموں میں کام کیا جن میں ‘پیاس’، ‘دوریاں’، ‘دشت’، ‘مہندی’، ‘دیار دل’ اور جیو ٹی وی کا ڈرامہ ‘میرا رب وارث’ دیگر شامل ہیں۔

عابد علی نے فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی پہلی فلم 1979 میں ریلیز ہونے والی ‘خاک اور خون’ جب کہ حال ہی میں ریلیز ہونے والی ‘ہیر مان جا’ ان کی زندگی کی آخری فلم ثابت ہوئی۔