اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے خاموشی توڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ‘آج مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی سرکاری کی قابض فوج کی جانب سے محاصرے کا 32 واں روز ہے’۔
انہوں نے کہا کہ اس محاصرے کے سائے میں بھارتی فورسز نے پیلٹ گنز کا بے دریغ استعمال کیا جس کے نتیجے میں کشمیری مرد، خواتین اور بچے شہید و زخمی ہوئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری جوانوں کو گھروں سے اٹھاکر بھارت کے دیگر علاقوں میں قائم جیلوں میں ڈالا جارہا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ اسپتالوں میں ضروری طبی سامان ختم ہوگیا ہے، اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ مواصلاتی بلیک آؤٹ کی وجہ سے کشمیریوں کا اپنے پیاروں اور بیرونی دنیا سے رابطہ کٹ کر رہ گیا ہے اور ان کی آواز باہر نہیں پہنچ رہی۔
وزیراعظم نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دنیا کے سامنے ہیں تو پھر دنیا کیوں خاموش ہے؟
عمران خان نے عالمی براداری سے سوال کیا کہ ‘کیا جب مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جاتے ہیں تو عالمی برادری کی انسانیت مر جاتی ہے؟ اس طرح دنیا بھر میں موجود 1.3 ارب مسلمانوں کو کیا پیغام دیا جارہا ہے؟’
وزیراعظم نے کہا کہ دنیا مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم سے نظریں چرا کر لاعلمی کا بہانی نہیں تراش سکتی جیسا کہ اس نے میونخ کے معاملے پر 1938 میں کیا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ ہندوبالادستی کے نظریے میں گندھی فاشسٹ مودی سرکار کے مقبوضہ جموں و کشمیر، خود بھارت (آسام وغیرہ) اور آزاد جموں و کشمیر میں مسلمانوں کے قتل عام اور نسل کشی کے مکروہ عزائم پوری دنیا پر آشکار ہو چکے ہیں۔