اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے ایل اوسی پر بھارتی فوج کی سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا۔
ترجمان کے مطابق بھارتی ناظم الامور سے 6 ستمبر کو کھوئی رٹہ سیکٹر پر فائرنگ پر احتجاج کیا گیا، بھارتی فورسز نے جان بوجھ کر پر امن ریلی میں شریک شہریوں کو نشانہ بنایا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ریلی کے شرکاء مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کر رہے تھے، بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 4 معصوم شہری شدید زخمی ہوئے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارتی فورسز ایل او سی پر مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے، شہری آبادی کوجان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت، انسانیت کیخلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزیاں علاقائی امن اور سلامتی کیلئے خطرہ ہیں، بھارت 2003 کے سیز فائر معاہدے کا احترام کرے، بھارتی سیز فائر کی خلاف ورزیاں کسی تذویراتی غلطی کی طرف لے جا سکتی ہیں۔