سرینگر (اصل میڈیا ڈیسک) سرینگر کے علاقے حسن آباد میں بھارتی فورسز نے محرم الحرام کے جلوس پر آنسو گیس اور پیلٹ گنز سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں کشمیری صحافی سمیت متعدد عزادار زخمی ہو گئے۔
مقبوضہ وادی میں شخصی آزادی کے بعد مذہبی آزادی بھی سلب، محرم الحرام کے جلوس پر بھارتی فوج نے حملہ کر کے عزاداروں پر آنسوگیس کے شیلز اور چھرے برسا دئیے۔ بھارتی فوج کے تشدد کے نتیجہ میں متعدد افراد زخمی ہو گئے، قابض فورسز نے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تشدد کے دوران بھارتی اہلکار نے صحافی کا کیمرہ بھی توڑ ڈالا جبکہ تین صحافی بھارتی فوج کے تشددکا نشانہ بنے، مظاہروں کے خوف سے مودی سرکار نے مقبوضہ وادی میں عاشورہ کے جلوس پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔