اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھارت کو مشورہ دیا ہے کہ بالی وڈ کی کسی فلم پر 100 کروڑ لگا کر چاند پر پہنچ جائے۔
گزشتہ روز بھارت کی چاند پر اترنے کی دوسری کوشش بھی ناکام ہوگئی تھی اور خلائی مشن چندریان ٹو کا رابطہ چاند پر لینڈنگ سے چند منٹ پہلے منقطع ہوگیا تھا۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر فواد چوہدری کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ بھارت صرف بالی وڈ کے ذریعے چاند پر پہنچ سکتا ہے، بالی وڈ کی کسی فلم پر 100 کروڑ لگائے اور چاند پر پہنچ جائے۔
انہوں نے کہا کہ انتہا پسند ہمیشہ ناکام ہوتے ہیں، بھارت کی ناکامی اس کی انتہاپسدانہ سوچ ہے لہٰذا بھارت کامیابی چاہتا ہے تو اپنی سوچ بدلے۔
ایک اور ٹوئٹ میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے غیرذمہ دارانہ رویے سے خلاء میں کچراء پھیل رہا ہے، پہلے مشن شکتی ناکام ہوا اور اس سٹیلائٹ کو خلاء میں تباہ کیا گیا جس کے سیکڑوں ٹکڑے اب دیگر سیٹیلائٹس کیلئے خطرہ ہیں اور اب چندریان کا یہی حال ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے گزشتہ روز بھی بھارتی خلائی مشن کی ناکامی پر طنز کے تیر چلادیے تھے اور کہا تھا کہ مودی سیٹلائٹ کمیونیکیشن پر ایسے بھاشن دے رہے تھے جیسے وہ سیاست دان نہیں خلا نورد ہوں، غریب عوام کے 900 کروڑ روپے ضائع کرنے پر لوک سبھا کو مودی سے جواب طلب کرنا چاہیے۔