ملک بھر میں نو محرم کے جلوس و مجالس، کئی شہروں میں موبائل فون سروس معطل

Muharram Jaloos

Muharram Jaloos

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) کربلا میں نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور اُن کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں چھوٹے بڑے شہروں میں آج نو محرم الحرام کے جلوس نکالے جائیں گے۔

راول پنڈی کی امام بارگاہ یادگار حسین ،کمرشل مارکیٹ سے علم کا جلوس برآمد ہوگا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ یادگار حسین پر اختتام پذیر ہو گا۔

اسلام آباد میں نو محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثنائے عشری سے دوپہر ایک بجے برآمد ہو گا جب کہ لاہور میں مرکزی جلوس کچھ دیر میں پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہو گا اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا خیمہ سادات امام بارگاہ پر اختتام پزیر ہو گا۔

پشاور میں شبیہہ ذوالجناح کا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال سے 10 بجے برآمد ہوگا جو صدر روڈ، فخرعالم روڈ، کالی باڑی اور چوک فوارہ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ہال پرختم ہوگا۔

کراچی میں مرکزی جلوس نشترپارک سے دوپہر 12 بجے برآمد ہوگا جو پیپلز چورنگی، صدر دواخانہ، پریڈی اسٹریٹ، بولٹن مارکیٹ اور کھارادر سے ہوتا ہوا حسینیاں ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر ختم ہو گا۔

ملک بھر محرم الحرام کے جلوس و مجالس کے سلسلے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

کراچی سمیت کئی شہروں میں صبح سے ہی موبائل فون سروس معطل رہے گی جب کہ یوم عاشور کو بھی موبائل فون سروس معطل رکھی جائے گی۔

محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی سمیت کسی بھی علاقے میں موبائل فون سروسز بند یا کھولنے کا اختیار کمشنر اور ڈی آئی جیز کو دے دیا، کراچی، حیدرآباد، سکھر، نواب شاہ، میرپور خاص اور لاڑکانہ ڈویژن کے افسران کو اختیار تفویض کر دیے گئے ہیں۔