کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ علی زیدی نے کراچی کو صاف کرنے کے بجائے مزید گندگی پھیلادی اور وہ اپنی مہم ختم کر چکے ہیں۔
سعید غنی نے کہا کہ کمیٹیاں بنانے اور اعلانات سے کراچی کے مسائل حل نہیں ہوں گے، مسائل کے حل کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہو گا، وزیراعظم کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی نے سنجیدگی دکھائی اور تعاون مانگا تو سندھ حکومت معاونت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ میئر کے اختیارات کو کوئی ایم این اے یا وفاقی وزیر استعمال نہیں کرسکتا، بدقسمتی ہے پی ٹی آئی کے اکثر لوگوں کو آئین اور قانون کا نہیں پتا، پی ٹی آئی کے لوگوں کو کوئی شخص کان میں کچھ کہہ دیتا تو یہ لوگ آگے بڑھا دیتے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ علی زیدی نے کراچی کو صاف کرنے کے بجائے مزید گندگی پھیلا دی، میری معلومات کے مطابق علی زیدی اپنی مہم ختم کر چکے ہیں۔