کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستانی گلوکارہ رابی پیرزادہ نے سانپ اور مگرمچھ رکھنے پر محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے چالان بھیجنے پر کرارا جواب دیتے ہوئے جانوروں کی ملکیت سے انکار کر دیا۔
چند روز قبل گلوکارہ رابی پیرزادہ نے مظلوم کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں رابی نے مودی کو للکارتے ہوئے سانپ اور مگر مچھ سے ڈرایا تھا ۔ تاہم دو روز قبل پاکستان محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے گلوکارہ رابی کی ویڈیو پر ایکشن لیتے ہوئے ان پر غیر قانونی طور پر اژدھے، سانپ اور مگر مچھ رکھنے کے الزام میں کارروائی کرتے ہوئے چالان درج کیا گیا ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف کی کارروائی کے بعد رابی پیرزادہ نے ایک اور ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہوں نے ویڈیو اورتصاویر میں دکھائے گئے جنگلی جانوروں کی ملکیت سے انکار کرتے ہوئے محکمہ وائلڈ لائف کو کھری کھری سناتے ہوئے انہیں غدار قرار دیا ہے۔
رابی پیرزادہ نے ویڈیو میں کہا کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ نریندر مودی کے بھارت میں اتنے سارے فالوورز ہیں ۔ 5 سال سے میں نے سانپ رکھے ہوئے ہیں اور ان سانپوں کے ساتھ مختلف نیوز چینلز پر پروگرام بھی کیے ہیں جب تو کسی نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔ رابی پیرزادہ نے ویڈیو میں دکھائے گئے سانپ اور اژدھے کی ملکیت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سانپ ان کے نہیں ہیں بلکہ کسی اور کی ملکیت ہیں اور انہوں نے ان سانپ کے مالکوں(سپیروں)سے درخواست کی تھی کہ وہ ان کے ساتھ مجھے ویڈیو بنانے دیں۔ رابی نے یہ بھی بتایا کہ ان ویڈیوز سے ہونے والی آمدنی کا کچھ حصہ وہ ان غریب سپیروں کو بھی دیتی ہیں جس سے انہیں آسرا ہوجاتا ہے۔
رابی پیرزادہ نے اپنے بیوٹی سیلون میں رکھے گئے سانپوں کی حقیقت بتاتے ہوئے کہا کہ پہلے ان کے پاس سانپ تھے لیکن جب انہیں ان کا لائسنس نہیں ملا تو انہوں نے بغیر لائسنس کے یہ سانپ اپنے پاس نہیں رکھے ۔ محکمہ وائلڈ لائف کی پول کھولتے ہوئے رابی پیرزادہ نے کہا کہ جب انہوں نے سانپ رکھنے کے لائسنس کے لیے محکمہ وائلڈ لائف سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو وہاں کوئی تھا ہی نہیں۔
رابی پیرزادہ نے کہا اتنے برسوں تک لوگ دیکھتے رہے کہ میرے پاس سانپ ہیں کسی نے کچھ نہیں کہا لیکن جیسے ہی میں نے مودی کو دھمکی دی اور ان سانپوں سے ڈرایا تو افسوس کی بات ہے کہ میرے خلاف فوراً کارروائی کی گئی۔رابی پیرزادہ نےکسی کانام لیے بغیر کہا کہ اگر آپ لوگ پاکستان سے پیار نہیں کرسکتے تو پاکستان کے ساتھ غداری بھی نہ کریں۔
رابی پیرزادہ نے ٹی وی چینلز انتظامیہ کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا آپ نے وہ ویڈیو کیوں دکھائی جس میں میں مودی کو باتیں سنارہی ہوں، آپ کے اندر ذرا سی انسانیت نہیں ہے، بھارت واقعی آپ لوگوں سے بہتر ہے۔ رابی نے کہا میں کبھی بھارتیوں کی برائی نہیں کرتی صرف مودی کی کرتی ہوں کیونکہ مجھے سارے انسان پسند ہیں۔ لیکن بہت سارے بھارتی ، بہت سارے ان پاکستانیوں سے بہتر ہیں جو اپنے ملک کے ساتھ غداری کرتے ہیں اور محکمہ وائلڈ لائف ان غداروں میں سے ایک ہیں۔
رابی پیرزادہ نے محکمہ وائلڈ لائف کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ اگر یہ لوگ پہلے میرے خلاف کارروائی کرتے تو مجھے کوئی اعتراض نہیں ہوتا لیکن مودی کو للکارنے کے بعد میرے خلاف ایکشن لینے کی بات کی گئی ۔ رابی پیرزادہ نے محکمہ وائلڈ لائف پر مقدمہ کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تک مجھے ادارے کی جانب سے لیٹر نہیں ملا اور آپ کو کس نے اجازت دی کہ میرے متعلق میڈیا میں خبریں دیں۔
رابی پیرزادہ نے مزید کہا کہ انہیں ان تمام لوگوں پر بھی بے حد غصہ ہے جو بھارت کے چاند مشن چندریان2 کی ناکامی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہے تھے کہ بھارت کی ترقی رک گئی۔ رابی نے کہا اس سے پہلے انڈیا نے پاکستانی جھنڈے کی بے عزتی کی اس وقت یہ لوگ خاموش کیوں تھے۔
گلوکارہ رابی پیرزادہ نے بھارتی فلموں میں کام کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں بھارتی فلموں میں کام تو دور ان کو دیکھنا تک پسند نہیں کرتی مجھے مودی سے اس لیے دشمنی ہے کیونکہ وہ انسانیت کا دشمن ہے۔