اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان امریکا کے 7 روزہ طویل دورے پر نیویارک پہنچ گئے۔
وزیراعظم عمران خان پیر 23 ستمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے، 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ وزیر اعظم کے دورے کا اہم نکتہ مسئلہ کشمیر اور خطے کی صورت حال ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان مصر، ایتھوپیا ، نیوزی لینڈ کے وزرائے اعظم سے ملاقات کریں گے اس کے علاوہ عمران خان کی ترک صدر طیب اردگان و دیگر رہنماوں سے ملاقاتیں بھی دورے میں شامل ہیں۔
وزیراعظم عمران خان 19 ستمبر کو 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوئے تھے جہاں انہوں نے سعودی بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں۔
انہوں نے دورہ سعودی عرب میں عمرے کی سعادت بھی حاصل کی اور مدینہ منورہ میں روضہ رسول ﷺ پر بھی حاضری دی، جس کے بعد وہ امریکا کیلئے روانہ ہوئے تھے۔
وزیراعظم عمران خان امریکا کے دورے پر خصوصی سعودی طیارے کے ذریعے نیویارک کے جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ پہنچے جہاں امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اسد مجید خان اور اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے ان استقبال کیا۔
وزیراعظم کے وفد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ بھی شامل ہیں ہیں۔
عمران خان کا وزارت عظمیٰ کا منصب سنھالنے کے بعد یہ امریکا کا دوسرا دورہ ہے جہاں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے 27 ستمبر کو خطاب کریں گے۔
وزیراعظم اقوام متحدہ میں بھارتی مظالم کا پردہ چاک کریں گے اور کشمیریوں کا مقدمہ انتہائی مؤثر انداز میں اقوام عالم کے سامنے پیش کریں گے۔