کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) اعلیٰ عدالتوں نے مخصوص مقدمات میں صوبوں کو ہدایات کے حوالے سے کارروائی کرتے ہوئے آرٹیکل 149 کی تشریح کی ہے جس کا اطلاق وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم کراچی میں چاہتے ہیں۔
سندھ پر حکومت کرنے والی پیپلز پارٹی کی جانب سے شدید ردعمل کے بعد اس پر فوری عملدرآمد کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔ فیصلوں کے مطابق آرٹیکل 149 وفاقی حکومت کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ صوبائی حکومت کو ہدایات دے تاکہ آئین اور قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے میں اپنی ہی ایگزیکٹو اتھارٹی کا تحفظ اور پیشرفت ہوسکے اور اس کے ذریعے صوبائی حکومت کو اس طرح کی ہدایات پر عملدر آمد کا پابند کیا جائے۔
فیصلوں کے مطابق آرٹیکل 149 کی شق 3 کے مطابق اگر وفاق کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے تو صوبائی حکومت مواصلات کے ذرائع کی تعمیر اور اسے برقرار رکھنے کی پابند ہے جسے قومی اور اسٹریٹجک اہمیت قرار دیا جاسکتا ہے۔
وفاقی وزیر قانون کراچی میں آرٹیکل 149 کی شق 4 کا استعمال چاہتے ہیں جو وفاقی حکومت کو اختیار دیتا ہے کہ وہ پاکستان یا کسی بھی حصے کی معاشی زندگی یا سکون یا امن کو کسی بھی شدید خطرے سے بچانے کیلئے ہدایات جاری کرے۔
آرٹیکل 149 کی دیگر شقیں کہتی ہیں کہ ہر صوبے کی ایگزیکٹو اتھارٹی کا استعمال اتنا کیا جائے کہ جو وفاق کی ایگزیکٹو اتھارٹی کے استعمال میں حائل نہ ہو اور وفاق کی ایگزیکٹو اتھارٹی کسی صوبے کو اس طرح کی ہدایات دے گا جو اس مقصد کیلئے ضروری ہوں۔