جوائننگ ہینڈز اور گرین پاکستان سیو پاکستان کی جانب سے مشترکہ شجرکاری

Planting

Planting

کراچی: جوائننگ ہینڈز ویلفئیر آرگنائزیشن اور گرین پاکستان سیو پاکستان کی مشترکہ شجرکاری کے سلسلے میں نارتھ کراچی میں قائم سرکاری اسکول میں طالب علموں کے ہمرا ہ پودے لگائے گئے، اس موقع پر جوائننگ ہینڈز کی چیئرپرسن سبین میمن ، ساجد حبیب ، زبیر بلوچ اور گرین پاکستان سیو پاکستان کے سربراہ شہروز سراج بھی موجود تھے،اس موقع پر جوائننگ ہینڈز ویلفیئر آرگنائزیشن کی چیئر پرسن سبین میمن نے طالب علموں کو شجرکاری کے بارے میں آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ شجرکاری ماحول کی اہم ضرورت ہے، پودے لگانے سے خوشگوار ماحولیاتی تبدیلی آتی ہے، اس وقت شدید گرمی اورہیٹ اسٹروک پودوں کے نہ ہونے کی وجہ سے ہے، پودے لگانے سے گرمی کی شدت میں کمی آتی ہے ، پودے لگانے سے جہاں معاشرتی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا وہیں انسانی زندگی پر موسمی تبدیلی کے اثرات کم ہونگے، درخت ماحول میں آکسیجن کی کمی کو پوراکرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ، دور حاضر میں فیکٹریوں کا دھواں ، گاڑیوں کا دھواں اور جگہ جگہ گندگی کے ڈھیروں کو آگ لگانے سے فضا دھوئیں سے آلودہ ہوتی جارہی ہے جس کی وجہ سے زمین پر آکسیجن کی کمی ، گھٹن اور سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے ان تمام مسائل کا حل یہی ہے کہ ہم اپنے گھروں ، دفاتر ، گلیوں اور میدانوں میں درخت لگائیں اور اپنی عوام کو درختوں سے ہونےوالے فوائد سے آگاہ کریں تا کہ لوگ شجرکاری کی جانب راغب ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جوائننگ ہینڈزاور گرین پاکستان کی مشترکہ شجرکاری کا مقصد شہر قائد میں شجرکاری کی ضرورت کو اجاگر کرنا اوراسکول کے بچوں کو شجرکاری کی اہمیت سے آگاہی دینا ہے، پودے معاشرتی حسن کے ساتھ ساتھ آکسیجن کی کمی کو پورا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ بچے ہمارے مستقبل کے معمار ہیں اور ان کو صحت مند اور پر فضا ماحول فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور اس کے لیئے ہم سب کو ملکر ایک پرفضا ماحول کے قیام کے لیئے اقدامات کرنے ہونگے اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئیے شجرکاری کے ساتھ ساتھ اپنی علاقے کی گلیوں اور محلوں سمیت پورے شہر کی صفائی کا بھی خیال رکھنا ہوگا ، انہوں نے کہا کہ طالب علموں کو شجرکاری کی اہمیت سے آگاہ کرنا بہت ضروری ہے کیونکہ جب تک بچوں کو کسی بھی چیز کی اہمیت کا علم نہیں ہوگا تب تک وہ اس پر عمل درآمدنہیں کریں گے اور آج کی شجرکاری کے سلسلے میں اسکول میں پودے لگانے کا مقصد بھی یہی تھا کہ ہماری نوجوان نسل اور ہمارے بچے پودوں کی اہمیت کو جان سکیں اور مستقبل میں شجرکاری کے لیے نہ صرف اقدامات کریں بلکہ دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دیں ، اسکول کے طالب علموں اور انتظامیہ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ان سے عہد کیا کہ وہ نہ صرف شجرکاری مہم کے حوالے سے کام کریں گے بلکہ اس سلسلے میں لگائے جانے والے پودوں کی دیکھ بھال بھی کیا کریں گے۔