اسلام آباد : جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا حامد الحق حقانی نے کہا ہے کہ وحدت امت کے لئے میرے شہید والد مولانا سمیع الحق شہید کی کوششیں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی، کشمیر ،فلسطین کی آزادی اور حرمین الشریفین کے دفاع کا واحد حل امت کا اتحاد ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پاکستان علماء کونسل کے زیراہتمام منعقدہ وحدت امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ سعودی عرب کی اہم تنصیبات پر حملہ ایک بہت بڑی سازش کا حصہ ہے، مسلمانوں کی وحدت اور اجتماعیت کو دیدہ دانستہ طورپر نشانہ بنانا مسلمانوں کے لئے ایک خطرناک پیغام کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہاکہ کشمیر پر ہندوستان کا ظلم و بربریت اوردوسری طرف اقوام عالم کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے ،ہم کشمیری مسلمانوں کے ساتھ ہیں ،حکومت اور افواج پاکستان اجازت دے توپاکستانی قوم بالخصوص غیرت مند قبائل کشمیر کی آزادی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید یوسف شاہ نے کہاکہ عالم اسلام اس وقت جن بحرانوں کا شکار ہے اس کا واحد حل امت کی وحدت اور مشترکہ جدوجہد کرنی ہے۔