اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) بے ڈھنگی اور تکلیف دہ صورتحال میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے جسمانی ریمانڈ کے دوران قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایک افسر نے بدسلوکی کی تاہم نیب نے ایسی کسی خبر کو سختی سے مسترد کر دیا۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش اور پوچھ گچھ کے دوران تفتیشی ٹیم کا رکن ان پر چلّایا اور بعدازاں بدسلوکی کی۔ ذرائع کے مطابق یہ واقعہ نیب راولپنڈی کے دفتر واقع میلوڈی اسلام آباد میں پیش آیا۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ تفتیشی افسر کو پٹرولیم ماہر کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا۔ مذکورہ واقعہ کے وقت یہ افسر سابق وزیراعظم کے جوابات پر مشتعل ہوگیا اور اطلاعات کے مطابق بدسلوکی کے علاوہ گلاس بھی پھینک کر مارا۔
دیگر افسران جن میں تفتیشی افسر ایم زبیر شامل تھے۔ انہوں نے صورتحال کو سنبھالا۔
ذرائع نے بھی رابطہ کرنے پر بتایا کہ اس واقعہ کی رپورٹ ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کو دے دی گئی ہے۔
ایک نیب افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر دعویٰ کیا کہ داخل کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ افسر نے نہیں بلکہ سابق وزیراعظم نے مزاحمت کی۔ اگر یہ بات درست ہے تو کسی سابق وزیراعظم سے بدسلوکی کی کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ ضیاء الحق اور پرویز مشرف کے آمرانہ ادوار میں ذوالفقار علی بھٹو مرحوم اور نواز شریف سے بھی بدسلوکی ہوئی۔
مؤقف جاننے کے لئے جب نیب ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے خبر کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے اس کی سختی سے تردید کی۔ انہوں نے کہا نیب ایک پیشہ ورانہ تنظیم ہے۔