چمن : جمعیت علماء اسلام ضلع قلعہ عبداللہ چمن کے رہنماء اور مدرسہ بحرالعلوم چمن کے ناظم تعلیمات حافظ محمد صدیق مدنی نے چمن بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اور جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری اور جامعہ دارالعلوم ملت آباد چمن کے مہتمم مولانا محمدحنیف شہید کی اس دار فانی سے رحلت ہونے پر دلی رنج وغم کے اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ہستی کے رحلت سے جوامت مسلمہ میں پیدا ہونے والا خلاء مدتوں پر نہیں ہوسکے گا۔مولانا محمد حنیف شہید ایک جید عالم دین اور اتحاد بین المسلین کے داعی تھے اور ایسے ہستیاں صدیوں میں بہت کم پیدا ہوتے ہیں اور بعض فہم وعقل، اخلاص وللہیت اور عزم و استقلال کی پیکر خدا شناس ہستیاں ایسی ہوتی ہیں کہ جن کا کاز اور مقصد حیات اس قدر عالی کردار کاحامل ہوتا ہے کہ ان کی داستانِ حیات آب زر سے کتابت کے لائق ہوتی ہے،جو اس دارِ فانی کو خیرباد کہہ کر اُس میں ایسا رستا ہوا زخم چھوڑ جاتی ہیں کہ جس کا مندمل ہونا عرصہ دراز تک بہت مشکل اور بے امکان ہو تا ہے، زمانہ ہزاروں کروٹیں لے، تب جا کر کہیں وہ خلا پر ہونے کو آتا ہے۔
موصوف جامع کمالات، عجز و نیاز کے پیکر، علمی و عملی طور پر پختہ کار اور سادگی و مستقل مزاجی میں اکابر کی یاد گار تھے۔ افہام و تفہیم کا خاص ملکہ اور درس و تدریس کے شہسوار تھے۔ ۔ آپ اپنے مخلصانہ دینی جذبے، بے پناہ قوتِ عمل، اشاعت دین کی خاطرانتھک محنت اور قومی و ملی اصلاحات میں دور اندیشی اور ہمت و استقلال کے لحاظ سے ان برگزیدہ ہستیوں میں سے تھے، جو کسی بھی قوم کے لئے باعث فخرہو سکتی ہیں۔آپ کی طبیعت میںانتہائی سادگی اور تکلف وبناوٹ کا نام و نشان تک نہ تھا،مگر استغناء وخودداری اور کفایت شعاری کا جوہر اتم اپنے اندر ودیعت لئے ہوئے تھے۔ ہمیشہ حرص و ہوس اور خود غرضی وشہرت سے کوسوں دور محض بندگانِ خدا کی بھلائی، دین متین کی اشاعت اور حق گوئی کواپناشعار بنائے رکھا۔ خود بھی عملی نمونہ بنے رہے اور اشاعت دین کے کئی مراکز کی آبیاری بھی کی۔
حافظ محمد صدیق مدنی نے مزید کہا کہ برگزیدہ شخصیات کا جانبِ حق رحلت فرماناان کے حق میںتو خوش آئندہوتا ہے کہ وہ بے سکونی کے گھر سے اپنے پروردگار، مالک حقیقی کے جوار میں منتقل ہو جاتے ہیں اورمقصد حیات پالیتے ہیں، مگرپسماندگان اور متوسلین کے لئے یہ داغِ مفارقت فیوض وبرکات سے محرومی اورقلبی اضمحلال کاسبب بن جاتا ہے۔
اللہ تعالیٰ اس پاک رو ح کو اپنے جوار میں مقاماتِ عالیہ عطا فرمائیں اورجمیع متوسلین میں قرآن وسنت کے علوم وبرکات کی بہاریں قائم فرمائیں۔اللہ تعالیٰ حضرت کے تمام پسماندگان کو صبر جمیل عطا ء فر ما ئیں۔
مولانا محمدصدیق مدنی جمعیت علماء اسلام ضلع قلعہ عبداللہ نائب مدیر مدرسہ بحرالعلوم چمن گھوڑا ہسپتال روڈ پوسٹ بکس ٥ چمن ٨٦٠٠٠ پاکستان 03337752771 siddique.madani@gmail.com