کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اسلام آباد کا رخ نہ کریں یہاں ڈینگی پھیلا ہوا ہے کہیں انہیں کاٹ نہ لے۔
کراچی آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے مراد علی شاہ کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا ہے مگر ان کی کوشش ہوگئی کہ بلاول بھٹو کھڑے نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جو طعنے دیتے ہیں انہیں کہتا ہوں کہ چین سے بلٹ ٹرین پر بات کروں گا، عمران خان کے دور میں ہم بلٹ ٹرین بھی چلائیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو غفور حیدری کے ذریعے پیغام دیا ہے کہ پنڈی اسلام آباد میں ڈینگی موجود ہے، مولانا وہیں رہیں تو اچھا ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ گرفتاریوں کا موسم چل رہا ہے مجھے نہیں معلوم کہ کس کی گرفتاری ہونی ہے، بلاول نے کہا کہ وہ مراد علی شاہ کے ساتھ کھڑے ہوں گے، میری کوشش ہوگی ایسا نہ ہونےدیا جائے، بلاول کو ٹائم لگے گا وہ بچہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کشمیر کیلئے لڑا ہے، مودی نے جو قدم لیا ہے اس سے وہ پھنس گیا ہے، عمران خان میرا دوست ہے، میری آج بھی اس سے ملاقات ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد دو روزہ دورے پر کراچی میں این ایل سی کے اشتراک سے کراچی کینٹ اسٹیشن پرنئی مال بردار گاڑی کا افتتاح کریں گے۔
وفاقی وزیر جمعرات کو مسافر اور مال بردار گاڑیوں کے حوالے سے کیمپ آفس میں اجلاس کریں گے اور دوپہر ایک بجے کیمپ آفس میں پریس کانفرنس بھی کریں گے۔