سری نگر (اصل میڈیا ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبری تسلط کو آج دو ماہ مکمل ہوگئے، عالمی برادری تاحال کشمیریوں کو جینے کا حق دلوانے میں ناکام ہے، کشمیری پانچ اگست سے اپنے گھروں میں قیدیوں کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔
مقبوضہ وادی کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہوئے دو ماہ مکمل، کشمیری پانچ اگست سے اپنے گھروں میں قید ہیں۔ خوراک اور پانی لینے کیلئے باہر نکلنے والوں پر بھارتی فوج گولیاں برساتی ہے۔
محصور کشمیری کھانے پینے کی اشیاء، ادویات اور ضروریات زندگی کی ہر شے سے محروم ہیں۔ ہسپتالوں میں بھی انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دو ماہ میں معیشت کو پانچ ہزار کروڑ سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے۔ وادی میں کئی جگہ کرفیو کے باوجود کشمیری مظاہروں کےلیے باہر نکلتے ہیں، بھارتی فوج نے اب تک ہزاروں نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔