اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔ اسلام آباد احتساب عدالت نے دونوں ملزمان کی ریمانڈ میں 22 اکتوبر تک توسیع کر دی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز پر سماعت کی۔ آصف زرداری اور فریال تالپور کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ جج محمد بشیر نے کہا کوئی طریقہ کار بنانا پڑے گا نہیں تو کارروائی آگے کیسے بڑھے گی۔ پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر نے کہا اس سے قبل عدالت نے ایک طریقہ کار وضع کیا تھا۔ جج محمد بشیر نے کہا اس وقت دو ملزمان تھے اب تیس ملزمان ہیں، کیسے طریقہ کار وضع کروں۔
جج محمد بشیر نے استفسار کیا انور مجید کراچی میں ہیں ان کا کیا کریں ؟ وکیل نے کہا انور مجید کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست موجود ہے۔ جج محمد بشیر نے کہا جو بینک ملازمین وعدہ معاف گواہ بنے تھے ان کا کیا بنا ؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے کہا درخواست پر کارروائی جاری ہے۔ جج نے ریمارکس دیئے کب تک کارروائی جاری رہے گی اتنا وقت ہو گیا۔