بھارت (اصل میڈیا ڈیسک) بھارتی فضائیہ کے نئے سربراہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ رواں برس فروری میں پاکستانی لڑاکا طیاروں کے ساتھ جھڑپ کے دوران بھارتی فضائیہ نے اپنا ہی ایک ہیلی کاپٹر مار گرایا تھا۔
بھارتی فضائیہ کے سربراہ راکیش سنگھ بھادریا نے بتایا کہ اس واقعے میں ملوث دو اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی جاری ہے۔ جمعے کے روز بھادریا نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ فضائیہ نے اس واقعے کی تفتیش کا عمل مکمل کر لیا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق 27 فروری کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایک میزائل کے ذریعے ایم آئی سیونٹین جہاز کو مار گرایا گیا تھا۔
یہ بات اہم ہے کہ بھارت نے رواں برس فرورری میں پاکستانی علاقے بالاکوٹ میں بمباری کی تھی، جب کہ اس کے فوراﹰ بعد پاکستانی فضائیہ نے لائن آف کنٹرول عبور کرتے ہوئے بھارت کے زیرانتظام کشمیر کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔ اس دوران پاکستانی اور بھارتی لڑاکا طیاروں کے درمیان فضائی معرکہ پیش آیا تھا۔
اسی دوران بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں بھارتی فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر بھی تباہ ہو گیا تھا۔ اس معرکے کے بعد ایک بھارتی لڑاکا طیارہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں گر کر تباہ ہو گیا تھا، جب کہ اس کے پائلٹ ابھینندن کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔ اس بھارتی پائلٹ کو تاہم بعد میں پاکستان نے بھارت کے حوالے کر دیا تھا۔