اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) نے 141 ممالک کے حوالے سے مسابقتی رپورٹ جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان عالمی مسابقت کی فہرست میں 141 ممالک میں 110 ویں نمبر پر ہے جبکہ 2018 میں 140 ممالک تھے اور پاکستان کا نمبر 107 تھا۔
حالیہ رپورٹ میں پاکستان کی مسابقتی صلاحیت 3 درجہ کم ہوئی ہے، پاکستان کی مسابقت 148 جواب دہندگان کی رائے پر مشتمل ہے، 2018 کی رپورٹ کے جواب دہندگان کی تعداد 339 تھی اور یہ گزشتہ سروے سے 56 فیصد کم ہے۔
رپورٹ میں پاکستان کا مجموعی اسکور صفر اعشاریہ 3 فیصد کم ہو کر 51 اعشاریہ 4 ہے، پاکستان دنیا کی 29 ویں بڑی مارکیٹ ہے اور اس شعبے میں پاکستان کا اسکور 71 ہے جبکہ کاروباری پیشرفت میں 52 اور جدت میں پاکستان 79 ویں نمبر پر ہے۔
ورلڈ اکنامک فورم کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے مالیاتی نظام کی رینکنگ 99، انفراسٹکچر 105، اداروں کی رینکنگ 107، صحت کی سہولیات میں 115 اور معاشی استحکام میں 116 ہے۔
رپورٹ میں پاکستان صلاحیت میں 125 ویں اور منصوعات کی مارکیٹنگ میں 126 ویں جبکہ آئی ٹی کی جانب پیشرفت میں 131 ویں نمبر پر ہے۔