اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے، 9 لاکھ بھارتی فوج نے 80 لاکھ کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا بھارتی فوج نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے، حیران ہوں عالمی میڈیا ہانگ کانگ احتجاج کو ہیڈلائن بنا رہا ہے، مگر کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کو نظر انداز کر رہا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا 2 ماہ سے کشمیر میں مواصلاتی نظام کا مکمل بلیک آؤٹ ہے، حریت رہنما، بچوں سمیت ہزاروں کشمیری جیل میں بند ہیں، انسانی المیہ تیزی سے بحران کی طرف بڑھ رہا ہے، 30 سال سے حق خودارادیت کیلئے ایک لاکھ کشمیری شہید ہوچکے، عالمی برادری یو این قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرے۔