راولپنڈی (اصل میڈیا ڈیسک) اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے لگے۔
پیر کی علی الصبح اسلام آباد، راولپنڈی اور مری سمیت خیبرپختونخوا کے علاقوں ایبٹ آباد، سوات، دیر بالا اور لوئر دیر میں زلزلے کے جھٹکے لگے۔
اس کے علاوہ پشاور، نوشہرہ، بٹگرام، وزیرستان، چارسدہ، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ہزارہ، ہری پور اور بالا کوٹ میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے لگے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 اور گہرائی 157 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ اس کا مرکز کوہ ہندوکش ریجن افغانستان تھا۔
زلزلے کے باعث لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور گھروں میں سوتے ہوئے لوگ بھی خوف کی وجہ سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے۔
زلزلے کے نتیجے میں فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ 25 ستمبر کو آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے علاقوں میں شدید زلزلے نے تباہی مچائی، اس زلزلے کی شدت بھی 5.8 ریکارڈ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں درجنوں مکانات تباہ ہوگئے جب کہ 30 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔