افغانستان (اصل میڈیا ڈیسک) یورپی یونین نے افغانستان میں جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کی معطلی متحارب فریقین کے لیے ایک موقع ہے۔ دریں اثنا افغان صدارتی الیکشن کے نتائج کا اعلان تکنیکی مسائل کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا۔
یورپی یونین نے افغانستان میں جنگ بندی پر زور دیا ہے۔ یورپی بلاک کے مطابق افغان طالبان اور امریکا کے مابین امن مذاکرات کی معطلی، قیام امن کے لیے نئے سرے سے کوششیں شروع کرنے کا ایک موقع ہے۔ افغانستان کے لیے یورپی یونین کے سفیر رولینڈ کوبیا نے کہا کہ یہ پیش رفت ایک طرح سے ایک موقع اس لیے ہے کہ اگر افغانستان میں داخلی سطح پر جنگ بندی کی کوششیں شروع ہو جائیں تو امریکا کے صدر کو بھی اس سے یہ پیغام ملے گا کہ افغان فریق قیام امن کے لیے سنجیدہ ہیں اور نتیجتا ممکن ہے کہ طالبان کے امریکا کے ساتھ امن مذاکرات بھی بحال ہو جائیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ افغانستان میں ایک امریکی فوجی کی ہلاکت کے بعد اچانک امن مذاکرات منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ چند برسوں سے جاری اور کئی ادوار پر مشتمل یہ امن مذاکرات کا عمل اپنے آخری مراحل میں تھا۔ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طالبان اور امریکا کے وفود کئی ملاقاتیں کر چکے تھے اور جب کوئی ڈیل طے ہونے ہی کو تھی تو مذاکرات ختم ہو گئے۔
افغان دارالحکومت کابل میں اتوار بیس اکتوبر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رولینڈ کوبیا نے کہا کہ یہ درست وقت ہے کہ تشدد میں کمی سے آگے کا سوچا جائے اور باقاعدہ جنگ بندی کے راستے تلاش کیے جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں کوبیا نے کہا طالبان آئندہ چند ماہ میں ہی کسی نہ کسی صورت میں حکومت کا حصہ ہو سکتے ہیں۔ ایسے میں جنگ بندی کے معاہدے پر عملدرآمد سے ان کی ساکھ بہتر ہو گی، جو مستقبل میں یورپی بلاک کے ساتھ بھی بہتر تعلقات استوار کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
دریں اثنا افغانستان میں گزشتہ ماہ کے اواخر میں منعقدہ صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اٹھائیس ستمبر کو ہونے والے انتخابات کے پہلے مرحلے کے نتائج کا اعلان ہفتے کو متوقع تھا تاہم الیکشن کمیشن نے تکنیکی وجوہات کی بنا پر نتائج کا اعلان ملتوی کر دیا ہے۔ افغانستان میں یورپی وفد کے سربراہ پیئرے مایادون کے مطابق ووٹوں کی گنتی کے عمل کو درست طریقے سے مکمل کرنے کے لیے چند دن کی تاخیر جائز ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ تاخیر چند دن ہی کی ہونی چاہیے نہ کہ چند ہفتوں کی تاکہ لوگ یہ نہ سمجھ بیٹھیں کہ دال میں کچھ کالا ہے۔
ابتدائی غیر حتمی انتخابی نتائج کے اعلان میں تاخیر کا اعلان افغانستان کے آزاد الیکشن کمیشن کی خاتون سربراہ اوا عالم نورستانی نے ہفتے کی شب کیا۔ انہوں نے اس پر معذرت بھی کی تاہم یہ نہیں بتایا کہ اب ابتدائی نتائج کا اعلان کب تک متوقع ہے۔ الیکشن کمیشن کے ابتدائی شیڈول کے مطابق حتمی نتائج کا اعلان سات نومبر کو متوقع ہے۔