وزیراعظم آزاد کشمیر نے ٹریننگ کیمپ تباہ کرنے کا بھارتی دعویٰ مضحکہ خیز قرار دیدیا

Raja Farooq Haider

Raja Farooq Haider

مظفر آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے ٹریننگ کیمپ تباہ کرنے کے بھارتی دعویٰ کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا دعویٰ ایسا ہی بے بنیاد ہے، جیسا اس نے بالاکوٹ کا کیا تھا۔

راجا فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ بھارت نے گزشتہ رات شیلنگ اور گولہ باری کے ذریعے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارت کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں 60 سال کا بزرگ بھی شامل ہے۔ بھارتی فوج کے سربراہ کو شرم آنی چاہیے، وہ بالی ووڈ کا اداکار لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر فارن میڈیا کیلئے کھلا ہے جبکہ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کو بھارتی فوج نے نوگو ایریا بنا رکھا ہے۔ بھارتی فوج شہریوں کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت اور فوج کو جھوٹ بولنے پر شرم آنی چاہیے۔ شہریوں کے مکانات اور بازاروں پر فائرنگ کرکے سفید جھوٹ بولتے ہیں کہ کیمپس کو ٹارگٹ کیا۔ موجودہ ٹیکنالوجی کے دور میں سچ کو چھپانا ناممکن ہے۔ ہندوستان بوکھلا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پاک فوج پر مکمل بھروسہ ہے۔ دفاع وطن کے لیے آزاد کشمیر کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑینگے۔