کراچی (اسٹاف رپورٹر) حلقہ علویہ القادریہ کے سربراہ اور درگاہ شاہ جیلانی گلشن اقبال کے سجادہ نشین حضرت سید خورشید الحسن شاہ جیلانی نے کہا ہے کہ اولیاء کرام کی تعلیمات خدمت انسانیت ہے اور حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری نے اپنے اخلاق اور حسن کردار سے ناصرف اسلام کا پرچم سر بلند کیا بلکہ ہزاروں غیر مسلموں کو دائرہ اسلام میں داخل بھی کیا آ ج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم تعلیمات اولیاء پر عمل درآمد کر کے دین اور دنیا دونوں سنوار سکتے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیلانی جامعہ مسجد گلشن اقبال بلاک 10-A ، میں حلقہ علویہ القادریہ کے تحت حضرت داتا گنج بخش کے سالانہ عرس کے حوالے سے منعقدہ عظیم الشان محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر روایتی دودھ کی سبیل بھی لگائی گئی تھی۔ محفل میں خلفاء کرام حلقہ علویہ القادریہ اظہر علوی القادری ، نعیم علوی القادری ،منصور علوی القادری ، صدیق علوی القادری، اور جید علماء کرام سمیت ممتاز ثناء خواں نے بھی شرکت کی، سجادہ نشین حضرت سید خورشید الحسن شاہ جیلانی نے مزید کہا کہ اولیا ء کی تعلیمات بھوکوں کو کھانا کھلانا ، پیاسوں کو پانی پلانا ، مساکینوں کی داد رسی کرنا اور یتیموں کے سر پر ہاتھ رکھنا ، کے عین مطابق ہے ۔ آج کے پر فتن دور میں اللہ اور رسول اللہ کی تعلیمات کو لازم بنائے اور اہل بیت کی محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے جس پر عمل پیرا ہونا انتہائی ضروری ہے۔