لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا فائنل ناردرن اور بلوچستان کے مابین ہو گا۔ پہلے سیمی فائنل میں خیبرپختونخواکی یقینی فتح شکست میں بدل گئی، ناردرن نے 149 رنز کا دفاع کرتے ہوئے 3رنز سے کامیابی حاصل کی، حارث رؤف نے آخری اوور میں خیبرپختونخوا کی یقینی فتح کو شکست میں بدل دیا،8 رنز کی متلاشی ٹیم 4 رنز بنا سکی، پیسر نے 3شکار کیے، ایک رن آؤٹ ہوا، عثمان شنواری 13رنز کے عوض 5شکار کرکے بھی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔
دوسرے سیمی فائنل میں عماد بٹ کے آخری بال پر چھکے نے بلوچستان کو 3وکٹ سے سرخرو کیا، سدرن پنجاب کے سینئرز شعیب ملک اور محمد حفیظ کی ففٹیز سے مزین 173 رنز ناکافی ثابت ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد می خیبرپختونخوا نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔
ناردرن کے اوپنر عمر امین(43) کے علاوہ آصف علی 28، روحیل نذیر 21، شاداب خان 16اور محمد نواز 12رنز کی مزاحمت کرپائے، ناردرن نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 148 رنز بنائے، دورئہ آسٹریلیا کیلیے قومی اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانے والے عثمان شنواری نے صرف 13 رنز کے عوض 5پلیئرز کو پویلین کی راہ دکھائی۔
عمران خان جونیئر نے2وکٹیں لیں۔ ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا نے 24 رنز کے سفر میں 2 وکٹیں گنوائیں،صاحبزادہ فرحان نے کھاتہ نہیں کھولا، کپتان محمد رضوان 15تک محدود رہے، اوپنر فخرزمان(39) نے تیسری وکٹ کی شراکت میں افتخار احمد کے ساتھ 65 رنز جوڑے، خوشدل شاہ نے 17 گیندوں پر 22 رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کردی، خیبرپختونخوا کو آخری اوور میں جیت کیلیے 8 رنز درکار اور 4وکٹیں باقی تھیں لیکن حارث رؤف نے تباہی مچا دی، افتخار احمد کی اننگز 53پر تمام ہوئی، مصدق احمد(0)اور زوہیب خان(5) پیسر کا شکار بنے، محسن خان رن آؤٹ ہوئے۔
اس دوران صرف 4 رنز بنے، خیبرپختونخوا کا مجموعہ 8وکٹ پر 145 رہا، مین آف دی میچ حارث رؤف نے 26 رنز کے عوض 3 شکار کیے، سہیل تنویر 2جبکہ محمد عامر اور عماد وسیم ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ دوسرے سیمی فائنل میں بلوچستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا،سدرن پنجاب کے اوپنرز عمرصدیق6اور شان مسعود 10رنز بنا سکے،اس کے بعد قومی ٹیم سے نظر انداز سینئرز نے کنٹرول سنبھالا، محمد حفیظ نے 65اورشعیب ملک نے 64کی اننگز کھیلی،عامر یامین 13رنز بنا سکے،سدرن پنجاب نے 5وکٹ پر 173کا مجموعہ ترتیب دیا۔
علی شفیق2 جبکہ عاکف جاوید، یاسر شاہ اور حسین طلعت ایک ایک شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔جواب میں بلوچستان نے امام الحق(10)کے بعد بسم اللہ خان( 11) کی وکٹ بھی جلد گنوا دی،عمران فرحت( 20) کے بعد اویس ضیا نے 31رنزکا سہارا دیا، آخری 5اوورز میں 52رنز درکار تھے،حارث سہیل 22رنز بنا سکے،حسین طلعت نے 29گیندوں پر 42رنز بناکر امید دلائی، آخری اوور میں 18رنز درکار تھے،عماد بٹ نے 2چوکے اور ایک چھکا جڑنے کے بعد ہدف قریب کیا تو پانچویں گیند پر عمرگل رن آؤٹ ہوئے، عماد بٹ نے آخری بال کو فضائی روٹ سے باہر بھیج کر فتح کا مشن مکمل کیا،وہ 14 گیندوں پر 29رنز بناکر ناقابل شکست رہے،وہاب ریاض نے2 وکٹیں لیںِ۔