اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا مقصد مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانا ہے اور یہ صرف ملک دشمن یا کشمیر کی آزادی کے مخالفین ہی کر سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے رواں ماہ اکتوبر کی 27 تاریخ کو حکومت کے خلاف بلاجواز ‘آزادی مارچ، شروع کرنے کا اعلان کیا، 27 اکتوبر کو ہر سال کشمیری بھارت کے خلاف یوم سیاہ مناتے ہیں، اور حکومت نے بھی اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے یوم سیاہ منانے کا اعلان کر رکھا ہے، لیکن مولانا فضل ا لرحمان اسی روز آزادی مارچ منانے جا رہے ہیں جو ان کی حب الوطنی اور کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ محبت کے دوہرے معیار کا واضح عکاس ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ عمران خان نے اقوام متحدہ میں جس پر زور انداز میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا وہ ملک دشمن عناصر کو ہضم نہیں ہوا، مولانا بھی ان میں سے ایک ہیں، مولانا کے دھرنے کے ذریعے ملکی اور بین الاقوامی میڈیا کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹا کر دھرنے کی طرف مبذول کرانے کی کوشش ہے، ایسا صرف ملک دشمن اور کشمیر کی آزادی کے مخالفین ہی کر سکتے ہیں۔ بھارت جیسے دشمن کے ساتھ اس کشیدگی کے موقع پر دھرنے کے بجائے یکجہتی کی ضرورت ہے، دھرنے کا فائدہ تو براہ راست بھارت کو ہوگا۔