اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارتی آرمی چیف نے اپنی فوج کو سرکش فورس میں تبدیل کر دیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) میجر جنرل آصف غفور کا بھارتی آرمی چیف کے بیان پر ردعمل میں کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف غیر ذمہ دارانہ بیانات دے کر خطے کے امن کو متاثر کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف غیر ذمے دارانہ بیانات کے ذریعے جنگ کے شعلے بھڑکا رہے ہیں اور خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، وہ یہ سب اپنے سیاسی آقاؤں کے مفادات کیلئے کر رہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جعلی سرجیکل اسٹرائیک سے لے کر اب تک انہیں سوائے اس کے کوئی کامیابی نہیں ملی کہ انہوں نے اپنی فوج کو روگ (سرکش) فورس میں تبدیل کردیا ہے اور اپنے فوجیوں کی ہلاکت کا سبب بنے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کے بیانات معصوم لوگوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، پاکستان کی مسلح افواج کے ہاتھوں بھارتی فوجیوں کو ہونے والے نقصانات، نام نہاد تکنیکی غلطی کی وجہ سے ہونے والے ہیلی کاپٹر کریشز اور اپنے ہی فوجیوں کی ہلاکت، ان سب کا مقصد بھارتی آرمی چیف کا بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف بننا ہے لیکن یہ سب پیشہ وارانہ فوجی اخلاقیات کی قیمت پر ہو رہا ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی آرمی چیف بپن راوت کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیز بیانات کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ دنوں بھی انہوں نے لائن آف کنٹرول پر دہشت گردوں کے کیمپ تباہ کرنے کا غلط اور جھوٹا دعویٰ کیا تھا۔
جس کے بعد پاکستان نے غیر ملکی سفیروں اور میڈیا نمائندوں کو لائن آف کنٹرول کا دورہ کرواکر بھارتی جھوٹ کو بے نقاب کردیا تھا۔