عمران خان علاج کیلیے نواز شریف کو بیرون ملک جانے دیں، چوہدری شجاعت

Chaudhry Shujaat

Chaudhry Shujaat

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے صوابدیدی اختیارات استعمال کرتے ہوئے نواز شریف کو بیرون ملک علاج کیلئے جانے دیں اور انہیں مکمل طبی سہولیات بھی فراہم کریں۔

مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلوں اور ایگزیکٹو کے فیصلوں میں فرق ہوتا ہے،سیاسی نوعیت کے مقدمات میں فیصلوں کو عدالتی نظیر کے طور پر استعمال کرنے سے مسائل پیدا ہوتے ہیں ایسے مقدمات کو بنیاد بنا کر دیگر لوگ بھی عدالتوں پر بوجھ ڈالتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایگزیکٹو کے اقدامات صوابدیدی اختیارات کے تحت غیر معمولی حالات میں استعمال ہوتے ہیں اور عدالتی نظیر نہیں بنتے،سیاسی معاملات میں عدلیہ کو نہ الجھایا جائے اس کے خطرناک نتائج نکل سکتے ہیں،نواز شریف پر ملک دشمنی کا الزام نہیں صرف مالی بدعنوانی کے الزامات ہیں، ایسے مقدمات میں عدلیہ کو امتحان میں نہیں ڈالنا چاہئے۔