اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، کراچی سے خیبر تک عوام کشمیر پر بھارتی قبضے اور مظالم کیخلاف سراپا احتجاج ہیں، مظاہرین کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
پاکستان کے عوام مظلوم کشمیریوں کی آواز بن گئے، شہر،شہر کشمیر پر بھارت کے قبضے کیخلاف احتجاج کیلئے سڑکوں پر نکل آئے، ریلیوں میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔ میرپور آزاد کشمیر میں ضلع کچہری سے چوک شہیداں تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں مختلف مکاتب فکر کے افراد نے بڑی تعداد شریک کی۔ فضا کشمیر کی آزادی کے حق میں نعروں سے گونج اٹھی۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ، پنڈی بھٹیاں، ظفروال، راجن پور اور دیگرکئی شہروں میں بھی عوام کشمیریوں کے حمایت کیلئے سڑکوں پر نکل آئے۔
ڈیرہ بگٹی اور چاغی میں بھی کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا، ڈیرہ بگٹی میں نکالی گئی ریلی میں سابق صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی اور قبائلی عمائدین بھی شریک ہوئے۔ شرکا کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگاتے رہے۔ کرک اور بنوں میں بھی شہریوں نے ریلیاں نکالیں۔
حیدر آباد میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔