اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ کسی مارچ کا خوف ہے نہ کسی دھرنے کا ۔معاہدے کی خلاف ورزی پر کسی بھی کارروائی سے دریغ نہیں کریں گے۔
اجلاس کے دوران فضل الرحمان کے آزادی مارچ پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے مارچ پر فیصلہ سازی کا مکمل اختیار حکومتی کمیٹی کو دے دیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کہا کہ مارچ سے متعلق فیصلہ حکومتی کمیٹی ہی کرے گی۔
ذرائع کا کہناہے کہ عمران خان نے وزراء کو نواز شریف کی صحت پر کوئی بھی بات کرنے سے منع کر دیا، عمران خان نے ہدایت کی کہ نواز شریف کی صحت بارے کوئی غیر سنجیدہ بات کی نہ جائے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آزادی مارچ سے متعلق فیصلے کرنے کا اختیار مذاکراتی کمیٹی کو دیدیا ہے ۔ آزادی مارچ کے حوالے سے مذاکراتی کمیٹی فیصلوں میں آزاد ہے۔
کابینہ اراکین نے کہا کہ آزادی مارچ سے متعلق عدالت کے فیصلے کا احترام کیا جائے گا۔
کابینہ کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیاہے کہ جے یو آئی ف کے مارچ کو کمیٹی روزانہ کمی بنیاد پر دیکھ رہی ہے،معاہدے کے تحت اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دی گئی ہے.
پرویز خٹک نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ظاہری تو ایک دن کا جلسہ لگتا ہے ایک سے زیادہ دن بھی قیام ہوسکتا ہے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ مارچ کے شرکاء معاہدے پر عمل کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مارچ کے حوالے سے معاہدہ کیا ہے تو بہت اچھی بات ہے، ہم نے بھی 126 دن دھرنا دیا، مارچ دھرنے آسان کام نہیں، کسی مارچ کا خوف ہے نہ دھرنے کا۔ معاہدے کی خلاف ورزی پر کسی بھی کارروائی سے دریغ نہیں کریں گے۔