کراچی : بلدیہ عالیہ کورنگی اور کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹریز (کاٹی) کے مابین کورنگی صنعتی ایریاز میں شجر کاری کے لئے باہمی تعاون کی یاد داشت پر دستخط ،چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا نے سرسبز ماحول کے قیام کے حوالے سے کاٹی کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی ،کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز کے مرکزی آفس میں منعقدہ اجلاس اور شجر کاری کی یاد داشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہاکہ ضلع کورنگی کو سرسبز بنا نے کے لئے ہر فرد اور ادارے سے مکمل تعاون کیا جائیگا بلدیہ کورنگی جہاں عوام بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کررہی ہے وہیں صاف ستھرے صحت مند ماحول کا قیام ضلع کورنگی کی ترقی اور سرسبز ماحول کے قیام کو بھی یقینی بنا رہی ہے۔
انہوں نے شجر کاری کے لئے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز (کاٹی) کی کوششوں کو قابل تعریف قرار دیا اس موقع پر وائس چیئر مین بلدیہ کورنگی سید احمر علی ،کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان ،کاٹی قائمہ کمیٹی برائے شجر کاری جنید نقی اور دیگر موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان نے کہاکہ کورنگی ایسوسی ایشن ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز (کاٹی) اپنی قومی ذمہ داری کا ادراک رکھتے ہے اور سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کی ویژن کے مطابق کورنگی صنعتی علاقے میں بھر پور شجر کاری مہم چلارہی ہے انہوں نے کہا کہ کاٹی نے شجر کاری کی قومی اہمیت کے پیش نظر اس کے لئے خصوصی کمیٹی 2017ء میں قائم کردی تھی جو پوری لگن سے اپنا کام سر انجام دے رہی ہے اس موقع پر زبیر چھایا کا کہنا تھا کہ شجر کاری کے لئے جامع منصہ بندی اور مقامی انتظامیہ کا بھر پور تعاون حاصل ہو تو کورنگی صنعتی علاقے کو پورے ملک کا ماڈل بناسکتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اگر یاد داشت میں مجوزہ پائلٹ پراجیکٹ پر عمل درآمد ہواتو نجی شعبے سے تعاون حاصل کرکے اسے مزید وسعت دے سکتے ہیں ،جنید تقی نے کہا کہ 3ہزار روڈ پر شجر کاری کے لئے DMCکی معائونت درکار ہے انہوںنے کاٹی میں ہونے والی شجر کاری سے متعلق تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔