لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ متحدہ اپوزیشن جماعتوں نے آج کا جلسہ ملتوی کر دیا۔ انہوں نے کہا 31 اکتوبر کا جلسہ سانحہ رحیم یار خان کی وجہ سے ملتوی کیا گیا ہے۔
ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب کا کہنا تھا تیز گام ٹرین میں آتشزدگی کے واقعہ کے باعث آج جلسہ نہیں کریں گے، حکومت مخالف احتجاجی جلسہ تمام اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے ملتوی کیا گیا، متحدہ اپوزیشن اسلام آباد میں کل جلسہ کرے گی۔
جے یو آئی رہنما اکرم درانی کا کہنا تھا اپوزیشن کا جلسہ کل نماز جمعہ کے بعد ہوگا، قافلے رات کو دیر سے اسلام آباد پہنچیں گے، ہمارے تمام لوگ پنڈال میں رات قیام کریں گے۔
ادھر جے یو آئی آزادی مارچ میں شرکت کے لئے لیگی کارکنوں کا قافلہ موٹر وئے ٹول پلازہ پہنچ گیا، قافلے کی قیادت ترجمان اختیار ولی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا عوام میں جذبہ اور جوش و خروش مثالی ہے، لوگ عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
پیپلزپارٹی کا مرکزی قافلہ بھی موٹر وے کے قریب موجود ہے، صوبائی صدر ہمایوں خان قافلے کی قیادت کر رہے ہیں، مرکزی قافلے کے ساتھ اسلام آباد کا رخ کریں گے، مرکزی قافلہ جے یو آئی سیکرٹریٹ سے روانہ ہو گا۔