برلن (اصل میڈیا ڈیسک) جرمنی کی چانسلر انجیلا میرکل نے جمعرات کے روز کہا ہےکہ یورپ نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ جوہری معاہدے کے تحت عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر تہران کو کیا جواب دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران کا ہر اقدام معاملات کو مزید مشکلات سے دوچار اور پیچیدہ بنا رہا ہے۔
ایران نے جمعرات کے روز کہا تھا کہ اس نے فردو زیرزمین جوہری پلانٹ میں یورینیم کی افزودگی دوبارہ شروع کی ہے۔ ایران نے سنہ 2015ء کو امریکا اور چھ عالمی طاقتوں کے ساتھ طے پائے معاہدے کے تحت یہ پلانٹ بند کردیا تھا۔
میرکل نے برلن میں نیٹو کے سکریٹری جنرل جینس اسٹولٹن برگ کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ ‘ ہم نے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے، لیکن ایران کے ہر اقدام کے ساتھ ، صورتحال یقینا مزید دشوار ہوتی جارہی ہے۔’
ایرانی ٹیلی ویژن نے بُدھ کے روز کہا کہ تہران نے زیرزمین فردو جوہری تنصیبات میں سنٹری فیوج میں یورینیم گیس پمپ کرنا شروع کر دی ہے۔ سنہ 2015ء کو ایران نے یہ تنصیبات بند کردی تھیں۔