نئی دہلی (اصل میڈیا ڈیسک) بالی وڈ کی اداکارہ روینا ٹنڈن بھارت سے اومان جانے والی پرواز کو حادثے سے بچانے والے پاکستانی ہیرو کے اقدام کو سراہے بغیر رہ نہ سکیں۔
اداکارہ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اس حوالے سے ایک ٹوئٹ بھی کیا۔
روینا ٹنڈن نے اپنے ٹوئٹ میں وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستانی ائیر ٹریفک کنٹرولر نے جےپور سے مسقط جانے والی پرواز کو تباہ ہونے سے بچا لیا‘
واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان سول ایویشن اتھارٹی کے ایک ائیر ٹریفک کنٹرولر نے بھارت سے اومان جانے والے ایک طیارے کو حادثے سے بچا لیا تھا۔
بھارت کے شہر جے پور سے مسقط جانے والے مسافر طیارے میں 150 مسافر سوار تھے اور طیارہ کراچی ریجن کے اوپر سے گزر تے وقت خراب موسم میں پھنس گیا تھا۔ آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے جہاز 36 ہزار فٹ کی بلندی سے یکدم 34 ہزار کی بلندی پر آگیا اور اس دوران پائلٹ نے ایمرجنسی پروٹوکول کے تحت قریبی اسٹیشنز کو”مئےڈے” پیغام بھیج دیا۔
اس موقع پر پاکستان میں ہوا بازی کے نگران سرکاری ادارے سی اے اے کے ائیر ٹریفک کنٹرولر نے فوری طور پر مذکورہ پیغام کا جواب دیا اور جہاز کے کپتان کو پاکستانی فضاء میں موجود شدید فضائی ٹریفک سے نکلنے میں مدد فراہم کی۔
سی اے اے ذرائع کے مطابق جے پور سے مسقط جانے والے جہاز کو شدید خراب موسم کا سامنا سندھ کے علاقے چھور میں کرنا پڑا تھا۔