اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور آرمی چیف دونوں ایک پیج پر ہیں اور دونوں میں رابطہ ہے۔
ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) میجر جنرل آصف غفور نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں اور دونوں کے درمیان کوئی اختلاف نہیں۔
میجر جنرل آصف غفور کا مزید کہنا تھا کہ ضروری نہیں آرمی چیف اور وزیراعظم کی ہر ملاقات رپورٹ ہو، کچھ ملاقاتیں رپورٹ ہوتی ہیں کچھ نہیں ہوتیں،ملکی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ دونوں رابطے میں رہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق حکومت سے ریاستی امور پر کوئی دو رائے نہیں، جمہوری حکومت کی حمایت آئینی ذمہ داری ہے، جب بھی ضرورت ہوتی ہے آرمی چیف اور وزیراعظم کی ملاقاتیں ہوتی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ’وزیراعظم اور آرمی چیف میں اختلاف یا ہم آہنگی نہ ہونے کی باتیں بےبنیاد ہیں، وزیراعظم اور آرمی چیف میں رابطے کے فقدان کی باتیں بھی مضحکہ خیز ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ ’پاک فوج آئین کے تحت منتخب جمہوری حکومت کے ساتھ ہے، ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لیے اس پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، آرمی چیف اور وزیراعظم باقاعدگی سے آپس میں رابطے میں رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ درست نہیں کہ آرمی چیف اور وزیراعظم کی ملاقات کافی عرصے بعد ہوئی، دو ملاقاتوں کے بیچ کئی اور ملاقاتیں اور ٹیلی فونک رابطے ہوئے۔