سماجی رابطوں کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک نے بچوں کو جنسی مواد دیکھنے سے روکنے کے لیے بڑا اقدام اٹھایا ہے۔
ٹیلی گراف کے مطابق فیس بک اور انسٹاگرام نے بچوں کو جنسی مواد دیکھنے سے روکنے کے لیے ایک حد مقرر کردی ہے جس کے تحت اب فیس بک اور انسٹاگرام پر 18 سال سے کم عمر کے بچوں کو جنسی مواد تک رسائی حاصل نہیں ہوگی یعنی دونوں کمپنیوں نے اس کے لیے 18 سال کی حد مقرر کی ہے۔
نئی پالیسی کے تحت فیس بک جنسی سرگرمی کی عکاسی کرنے والے اشتہارات اور تصاویر کو بچوں سے چھپائے گا۔
فیس بک نے ٹیلی گراف کو اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ 18 سال سے کم عمر کے صارفین کے لیے جنسی مواد دیکھنے کی روک تھام کا آغاز 2020 کے اوائل میں شروع کریں گے۔
کمپنی نے نئی پالیسی کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ نئی پالیسی جنسی سرگرمیوں پر مشتمل اشتہارات، فن پارے اور تصاویر کی رسائی صرف بالغ صارفین کی حد تک محدود کردے گی۔
اس طرح کا مواد ان صارفین کے لیے پوشیدہ ہوگا جن کی فیس بک پر درج کردہ تاریخ پیدائش 18 سال سے کم ہوگی۔
کمپنی نے اس پالیسی کا مقصد یہ بتایا ہے کہ ’اس تبدیلی کا مقصد اس تنقید کا جواب دینا ہے جس میں یہ سمجھا جاتا ہےکہ فیس بک کے موجودہ قواعد وضوابط نابالغوں کو جنسی مواد کی رسائی فراہم کر رہے ہیں۔‘
ان جنسی مواد میں تصاویر، جنسی عکاسی کے مجسمے اور ساتھ ہی ٹی وی شوز جیسے گیم آف تھرونس کی تصاویر وغیرہ شامل ہیں۔